پٹنہ:(قندیل نیوز) سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینیر لیڈر یشونت سنہا نے بی جے پی اور این ڈی اے سے ناراض کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی سے تمام تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یشونت سنہا نے کہا کہ میں بی جے پی سے اپنے تمام تعلقات ختم کرتا ہوں اور آج اس اسٹیج سے اس کا باقاعدہ اعلان کرتا ہوں۔
یشونت سنہا نے مزید کہاکہ میں آئندہ کسی پارٹی کے ساتھ منسلک نہیں رہوں گا اور نہ ہی کسی بھی سیاسی پارٹی سے کوئی رشتہ رکھوں گا۔ آج ملک کی صورتحال بہت خطرناک ہے، جمہوریت خطرے میں ہے، جن لوگوں نے جمہوریت کو خطرے میں ڈالا ان طاقتوں کو ہم ختم کردیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پٹنہ میرا شہر ہے، آج سے چار سال قبل ہی میں سرگرم سیاست سے سبکدوش ہو چکا ہوں، میں نے انتخابی سیاست سے بھی خود کو الگ کرلیا ہے
ایسے میں لوگوں نے سمجھا کہ میرا دل بھی دھڑکنا بند ہو گیا ہے، لیکن جب ملک کی بات آئے گی تو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لوں گا۔ ملک کے سوال پر ہی میں نے راشٹر یہ منچ کا قیام کیا ہے اور یہ منچ سیاسی منچ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ فی الحال ملک کی حالت مایوس کن ہے اور ایسے میں اگر آج ہم خاموش رہے تو آنے والی نسل قصور وار ٹھہرائے گی۔
یشونت سنہا نے کہاکہ بہار نے بڑی تحریکیں پیدا کی ہیں۔ مرکزی حکومت پر یشونت سنہا نے حملہ کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن اتنا چھوٹا کبھی نہیں رہا، لیکن حکومت ہند نے منصوبہ بند طریقے سے پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دیا۔ گجرات الیکشن کے سب سیشن کو چھوٹا کر دیا گیا۔ سیشن نہیں چلنے سے حکومت بہت خوش تھی۔ حکومت نے عدم اعتمادکی تجویز کے سبب سیشن نہیں چلنے دیا۔
اس پروگرام میں بی جے پی ممبرپارلیمنٹ شتروگھن سنہا، بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو، شرد یادو اور جے ڈی یو کے ناراض لیڈر اودے نارائن چودھری نے بھی شرکت کی ۔ جلسے میں کانگریس، آرجے ڈی، عام آدمی پارٹی اور سماجوادی پارٹی سمیت بی جے پی اور جے ڈی یو کے ناراض لیڈروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ یشونت سنہا اس سے قبل بھی مسلسل بی جے پی پر حملہ کرتے رہے ہیں، ایسے میں پٹنہ میں ان کی قیادت میں بلائی گئی یہ میٹنگ مستقبل کے سیاسی نقطۂ نظر سے کافی اہم سمجھی جارہی ہے۔
سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کا بی جے پی سے تمام تعلقات ختم کرنے کا اعلان
previous post