لکھنؤ:ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر شروع ہوگئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 5 اگست کو مندر کابھومی پوجن کیا ۔ لیکن اس پر سیاسی بیان بازی جاری ہے۔ ریاست کی یوگی حکومت کے وزیر محسن رضا نے اپوزیشن جماعتوں پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تہہ و بالا کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔محسن رضا نے کہا کہ ایودھیا سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مندر تعمیر کیا جارہا ہے، لیکن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کانگریس، سماج وادی پارٹی، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور اسدالدین اویسی کی پارٹی مل کر اپنے بیانات سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے میں مصروف ہے۔یوگی حکومت کے وزیر نے دعویٰ کیا کہ تمام رپورٹس حکومت کے پاس آرہی ہیں، جس میں یہ واضح ہے کہ وہ سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلمانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔محسن رضا نے کہا کہ تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آخر ان جماعتوں کے قائدین کے بیانات کیوں ایک ساتھ آئے ، کیا ماحول اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش تو نہیں؟ یہ ملک مخالف کام ہے، حکومت ان پر کارروائی کرے گی۔