خواتین خود اعتمادی کے ساتھ زندگی کے سفرمیں آگے بڑھیں


ادارہ مشعل کے زیراہتمام خواتین کودرپیش چیلنجز پر مباحثہ
حیدرآباد(محسن خان):عصرحاضرمیں خواتین کو ہرروز نئے نئے مسائل کا سامنا ہے‘ان مسائل کے حل کے لیے خواتین اپنے اندر خوداعتمادی پیدا کرتے ہوئے زندگی کے سفرکو مزید آگے بڑھائیں۔ ان خیالات کااظہار ادارہ مشعل کے زیراہتمام نیتیا فورم میں خواتین اورچیلنجز کے عنوان کے تحت منعقدہ مباحثہ میں شریک مختلف پینلسٹوں نے کیا۔ اس مباحثے کی نظامت جاوید نسیم (کولکتہ) اورسونالی ایلزبتھ نے کی ۔ پینل میں نعیم جاوید (صدرہدف)‘ آرزومہک (شاعرہ)‘سنگیتا پامانی‘ جی ایس شرما (وکیل)‘ریٹا کوہلی اور سوہاس بھٹناگر موجودتھے۔اس مباحثہ میں ایک خاتون کا دوسرے خاتون سے چیلنج ‘خواتین کا استحصال‘ خواتین ومعاشرہ‘ خواتین کے مسائل اور‘جہیز کی لعنت ‘گھریلوخواتین ‘ملازمت کرنے والی خواتین ‘لڑکیوں کے معاملات پر سوالات کیے گئے اور پینل نے ان تمام سوالات کے اطمینان بخش جوابات دیئے۔خدا نے عورت اور مرد کوترازوکے دوپلڑوں جیسا بنایاہے، جس پلڑے کوظلم سے جھکایاجائے گا معاشرہ اتھل پتھل کا شکارہوجائے گا۔ خواتین کو اپنے تحفظ پربھی زوردینے کی ضرورت ہے۔ اس مباحثہ کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ مرداورعورت دونوں میں مساوات پائی جاتی ہے،مگر حیاتیاتی طورپردونوں میں فرق پایاجاتا ہے اوراسی وجہ سے قدرت نے دونوں کوفرائض اور ذمہ داریاں الگ الگ رکھی ہیں، جن کے تحت دونوں اپنے اپنے دائرے میں زندگی کا سفر مکمل کرتے ہیں۔ اس موقع پر موجودہ مہم می ٹو پر بھی گرما گرم بحث ہوئی ۔صدرسوسائٹی سوہاس بھٹناگر نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے بتایاکہ ایسے ہی عصری موضوعات پرتنظیم کی جانب سے ماہانہ پروگرامز منعقدکیے جائیں گے۔ اس موقع پر کثیرتعدادمیں سامعین نے شرکت کی۔