حکومت کامجوزہ بل:مسلم پرسنل لاء بورڈنے کل جماعتی میٹنگ بلائی
نئی دہلی15دسمبر(قندیل نیوز)
آل انڈیامسلم پرسنل لابورڈ کے ترجمان اور مشہور عالم دین مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے تین طلاق کے مسئلے پرپیش کرنے والے مجوزہ بل پرغور وخوض کے لئے مسلم پرسنل لا بورڈ کی مسلم جماعتوں کے ساتھ17دسمبرکودہلی میں میٹنگ بلائی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم پرسنل لابورڈ حکومت کے تین طلاق کے مسئلے پر قدم سے واقف ہے اور اس مسئلہ پر غور کو خوض کرنے کے لیے تمام مسلم جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے تاکہ اس معاملے پر تمام مسلم جماعت کے سربراہان سر جوڑ کر اس حساس موضوع پر سنجیدگی سے بات چیت کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ میڈیا کے حوالے سے یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ وزارتی گروپ نے تین طلاق کو ختم کرنے پر گزشتہ ماہ غور و خوض کیا تھا اور اس کے لیے حکومت پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں ایک بل پیش کرنے جارہی ہے۔ مولانا نعمانی نے کہاکہ اس مجوز ہ بل کو دیکھنے کے بعد ہی اس پرکوئی رائے دی جاسکتی ہے اور مسلم پرسنل لا بورڈ مسلم جماعتوں کے ساتھ مل کر جو فیصلہ کرے گا وہی ہمارے لیے اہم ہوگا۔