ممبئی،11؍جنوری (قندیل نیوز)
جمیعۃ علمائے ہندکی مہاراشٹر اکائی کے صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی نے آج اتر پردیش شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین اورمتنازعہ شخص وسیم رضوی کو قانونی نوٹس بھیج کر ان سے مدرسوں کے تعلق سے وزیر اعظم ہند نریندر مودی اور وزیراعلیٰ اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ کولکھے گئے مکتوب پر بیس کروڑ روپیہ ہرجانہ طلب کرتے ہوئے ان سے ہندوستانی مسلمانوں سے غیر مشروط معافی مانگنے کامطالبہ کیا ہے، کیونکہ وسیم رضوی کے خطوط سے مسلمانوں خصوصاً علما کے جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں اور مدارس دینیہ پرالزام عائد کیاگیا ہے، جو نا قابل قبول ہے۔یہ اطلاع آج یہاں ممبئی میں جمیعۃ علمائے ہندکی قانونی امدادکمیٹی کے سربراہ گلزاراعظمی نے اخبار نویسیوں کو دیتے ہوئے انہیں نوٹس کی کاپیاں بھی دیں۔گلزار اعظمی نے بتایا کہ شیعہ وقف بورڈکے چیئرمین وسیم رضوی کے ذریعہ بھیجے گئے خط جس میں انہوں نے الزام عائدکیاہے کہ مدارس میں دہشت گردی کی تعلیم دی جاتی ہے نیزدینی مدارس بجائے ڈاکٹر ،انجینئرپیدا کرنے کے دہشت گرد پیدا کیے ہیں لہذا انہیں بند کردیناچاہیے یا پھر انہیں عصری تعلیم سے جوڑ دیناچاہیے جہاں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگرقوموں کے بچے بھی تعلیم حاصل کرسکیں پر مسلمانوں کو سخت اعتراض ہے اورجمیعۃ علمائے ہندبطورمسلم نمائندہ تنظیم اس پر سخت اعتراض کرتی ہے۔گلزار اعظمی نے کہاکہ ایڈوکیٹ شاہد ندیم کے ذریعہ بھیجے گئے نوٹس میں یہ کہا گیا ہے کہ وسیم رضوی نے بغیر کسی پختہ ثبوت و اعداد و شمار کے وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ کوخط لکھ کر انہیں ہندوستانی مسلمانوں کے تعلق سے شدید گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ گلزاراعظمی نے کہاہے کہ ہندوستان کے مختلف صوبوں میں قائم دینی مدارس میں اسلام کی بنیادی تعلیم کے ساتھ حب الوطنی اور دیگر قوموں کے درمیان خوشگوار تعلقات کی تعلیم دی جاتی ہے۔ نیز ا?ج تک ایسا کوئی بھی ثبوت نہیں ملا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ دینی مدارس میں دہشت گردی کی تعلیم دی جاتی ہے اور مدارس میں سے دہشت گرد جنم لیتے ہیں۔یوپی شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی کو بھیجے گئے قانونی نوٹس کے تعلق سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے کہا کہ انہوں صدر جمیعۃ علمائے مہاراشٹر مولانا مستقیم احسن اعظمی کی ہدایت پر نوٹس ارسال کیا ،جس میں وسیم رضوی کو20 کروڑ روپیہ ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان سے مسلمانوں سے مشروط معافی طلب کی گئی ہے بشرط دیگر قانونی چارہ جوئی کاانتبابھی دیا گیا۔ ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے کہا کہ وسیم رضوی کے مکتوب کے بعد سے ایک جانب جہاں عام مسلمانوں میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے وہیں مدارس کے استاتذہ بھی فکر مند ہیں کہ ان کی تعلیمات پر بھی الزام تراشی کی گئی ہے جس کے سدباب کے لیئے وسیم رضوی کو لیگل نوٹس ارسال کرتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ9 اترپردیش شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی نے وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلی اتر پردیش کو خطوط ارسال کرکے ان سے مطالبہ کیا تھا کہ دینی مدارس کوعصری تعلیم(پبلک اسکول) سے جوڑدیا جائے کیونکہ دینی مداس میں دہشت گردی کی ٹریننگ دی جاتی ہے وغیرہ وغیرہ جس کے بعد پورے ملک سے وسیم رضوی کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی تھیں۔
جمعیت علما نے وسیم رضوی کو قانونی نوٹس بھیجا
previous post