جمعیت علمامالیگاؤں کی طرف سے کیرلاسیلاب متاثرین کے لیے اٹھارہ لاکھ کی امداد

مالیگاؤں:۹؍ اکتوبر(پریس ریلیز)
جمعیۃعلماء شہر مالیگاؤں مدنی روڈ کا ایک وفد مفتی محمد اسماعیل قاسمی (صدر جمعیۃعلماء شہر مالیگاؤں )کی ہدایت پر الحاج محمد مکی سیٹھ (نائب صدر جمعیۃعلماء مالیگاؤں )کی قیادت میں جمعیۃعلماء مہاراشٹر واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ ممبئی کے دفتر میں پہنچا ۔جہاں انہوں نے کیرلا سیلاب متاثرین کے لئے اہلیان مالیگاؤں کی جانب سے جمع شدہ نقد رقم اٹھارہ لاکھ روپیہ کو ریاستی صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی ،سکریٹری قانونی امداد کمیٹی گلزار احمد اعظمی کو پیش کیا ۔اس موقع پرمولانا مستقیم احسن اعظمی ( صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر)گلزار احمد اعظمی (سکریٹری قانونی امداد کمیٹی)نے اہلیان مالیگاؤں کا خصوصی شکریہ اداکرتے ہوئے دعاؤں سے نوازا۔اس وفد میں الحاج محمدمکی سیٹھ کے علاوہ عبد المالک بکرا (نائب صدر جمعیۃ علماء مالیگاؤں )مولانا محمد عمران اسجد ندوی (سکریٹری جمعیۃعلماء مالیگاؤں )اور اقبال احمد بالے (آفس سکریٹری )موجود تھے۔واضح رہے کہ پچھلے ماہ جنوبی ہند کے ریاست کیرلامیں آئے ہوئے بھیانک سیلاب میں اپن اسب کچھ کھو دینے والوں کی مدد میں جمعیۃعلماء ہند اور اس کی اکائیاں سرگرم عمل ہیں۔متاثرین کی عبوری راحت کے لئے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے وفد نے اشیاء خورد و نوش ،کپڑے اور روز مرہ کے استعمال کے سامان کی کٹ تقسیم کی تھی۔اخباری بیان کے مطابق جمعیۃعلماء ہند نے ایسے لوگوں کے لئے جن کے مکانات تباہ ہو چکے ہیں (ان متاثرین میں ہندو مسلم عیسائی اور دیگر مذاہب کے لوگ بھی شامل ہیں )اور اس وقت وہ کھلے آسمان کے نیچے رہنے پر مجبورہیں ابتدائی طور پر کیرلا کے شمالی ،جنوبی اور وسطیٰ زون میں تین سو مکانات کی تعمیر اور مرمت کا فیصلہ کیا ہے ،ایک مکان کی تعمیر پر تقریباً چار لاکھ اور مرمت پر کم از کم ایک لاکھ تخمینہ ہے۔اس طرح اس منصوبہ پر تقریباً چھ کروڑ روپئے خرچ ہوں گے۔انشاء اللہ اس پروجیکٹ کو صوبائی جمعیتوں کے تعاون سے پورا کیا جائے گا۔