میگھالیہ کی عوام کسی جھانسے میں نہ آئے ،مودی سرکارنے ایک کارنامہ بھی انجام نہیں دیا
بی جے پی کی ریاستوں میں عیسائیوں پرمظالم جاری اورمیگھالیہ میں لالی پاپ دیاجارہاہے
نئی دہلی:24:فروری ( قندیل نیوز)
کانگریس ممبر پارلیمنٹ ششی تھرور نے میگھالیہ میں نریندر مودی حکومت پر ہندوتوکی بنیاد پر تنگ خیالات کے فروغ کا الزام لگایااوروٹروں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کوہرگز ووٹ نہ دیں۔ میگھالیہ میں اسمبلی انتخابات 27 فروری کو ہونے ہیں ۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کی ایسی کوئی کامیابی نہیں ہے جس کو محسوس کیا جاسکتا ہے ۔موجودہ اقتدار بھارتی تہذیب و ثقافت کے مزاج کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو ممکن نہیں ہے۔ جس بھارت کو بنانے میں ہم نے اپنے قیمتی 70 سال لگائے اس بھارت کی تخریب کاری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک تمام ہندوستانیوں کاہے۔یہاں تمام مذاہب اور مختلف نسلوں اور ثقافتوں کے حامل افرادرہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ہم آہنگی والے ہندوستان کے ماحول کو خراب کرنے کی ہمت این ڈی اے کی گذشتہ حکومت بھی نہیں کر پائی تھی۔تھرور نے کہاکہ بی جے پی والے میگھالیہ آتے ہیں اور عیسائیوں کے ساتھ میٹھی میٹھی باتوں کے ذریعہ انہیں یہ باور کراتے ہیں کہ بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں عیسائیوں کو ساری سہولیات دی جا رہی ہیں اورانہیں کوئی پریشانی نہیں ہونے دی جارہی ہے ؛لیکن مجھے بہت دکھ کے ساتھ کہناپڑرہا ہے کہ ان ریاستوں میں عیسائیوں کے ساتھ جو کیا جا رہا ہے، وہ بہت ہی خوفناک ہے ۔
جس بھارت کو بنانے میں ہم نے 70 سال لگائے، اس کی تخریب کاری کی جارہی ہے : ششی تھرور
previous post