جامعہ کے اقلیتی کردار پروائس چانسلر کا حلف نامہ قابلِ ستائش:پروفیسراخترالواسع

جودھپور:25جولائی(قندیل نیوز)
مولاناآزاد یونیورسٹی جودھپور کے صدر اور ماہرِ اسلامیات پدم شری اخترالواسع نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر اور ان کے انتظامیہ کی جامعہ کے اقلیتی کردار کے حق میں دہلی ہائی کورٹ میں مرکزی حکومت کے حلف نامے کے خلاف جرات و ہمت کا مظاہرہ کرنے کے لئے ستائش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد اور ان کی انتظامیہ نے انتہائی جرأت و ہمت سے کا م لیتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اقلیتی کردار کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں مرکزی حکومت کے حلف نامے کو نہ صرف چیلینج کیا اور اسے مسترد کرنے کی بھی مانگ کی۔پروفیسرواسع نے کہا کہ موجودہ حالات میں جامعہ کے وائس چانسلر کا یہ اقدام ایسا غیر معمولی ہے کہ اس کی تائید اور توثیق کرنے کے لیے ملت کے تمام رہنماؤں، جماعتوں، جامعہ کے طلبائے قدیم اور تمام انصاف پسند قوتوں کو ان کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے اور اس سلسلے میں کوئی بھی کوتاہی اس تاریخی ادارے اور امّتِ مسلمہ کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوگی۔