جامعہ نگر اوکھلا میں دسویں اور بارھویں میں نمایاں نمبرات حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ایک تقریب کا اہتمام


نئی دہلی (پریس ریلیز)
ساتھی پریوار اور AAJMI نے ZEC اور اوکھلا پبلک اسکول کے تعاؤن سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی فیکلٹی آف انجینئر نگ کے ہال میں جامعہ نگر (اوکھلا )میں دسویں اور بارھویں میں نمایاں نمبرات حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک تقریب کا اہتمام کیا ،جس میں مہمان خصوصی کے طور پر جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد اور مہمان ذی وقار کی حیثیت سے مسلم مجلس مشاورت دہلی کے صدر اور VOC کے کنوینر عبد الرشید اگوان نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نظامت کے فرائض منور عالم نے انجام دیے۔ عبد الرشید اگوان نے پروگرام میں شریک تمام طلباء وطالبات اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج کی یہ تقریب جامعہ نگر میں ایک نئی شروعات ہے اور اس کے لئے پروگرام کے آرگنائزرس مبارک باد کے مستحق ہیں۔

مہمان خصوصی پروفیسر طلعت احمد نے طلبا ء وطالبات کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کا نمایاں نمبرات حاصل کرنا اور یہاں آنا اپنی منزل کی طرف بڑھتا ایک قدم ہے اور اپنے کیریئر کے لئے اپنے قدم کو اور آگے بڑھانا آ پ کا مقصد و محور ہونا چاہیے۔ اس کے لئے میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔
ZEC کے ڈائریکٹر تحسین احمد نے طلبا وطالبات کو اپنے کیریئر کے لئے سنجیدہ ہونے اور اس کے لئے جد وجہد کرنے پر زُوردیا۔ انھوں نے جامعہ نگر میں دسویں اور بارھویں میں نمایاں نمبرات حاصل کرنے والے بچوں کے لئے 50 فیصد سے 100 فیصد تک اسکالر شپ دینے کا اعلان بھی کیا۔ساتھی پریوار کے صدر شاہد رضا نے بھی اپنی اور اپنی ٹیم کی جانب سے بچوں اور ان کے والدین کا شکریہ اداکر تے ہوئے پروگرام کی کامیابی پر اپنی نیک خواہشات پیش کیں اور دیگر آرگنائز رس کا بھی شکریہ ادا کیا۔ مقررین کے خطاب کے بعد اسکالرشپ کے لئے توصیفی اسناد اور دیگر انعامات کا سلسلہ شروع ہوا اور جامعہ نگر کے تقریباً 15 اسکولوں سے دس دس بچوں کو منتخب کیا گیا اوران کو میڈل و سرٹیفکیٹ سے سرفرازکیا گیا اور ایسے ہی دسویں و بارھویں کلاسوں کے پانچ پانچ ٹاپر س کوبھی منتخب کیا گیا اور ان کوبھی ٹرافی اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔اس پروگرام میں اوکھلا کی معزز شخصیات خصوصاً AAJMI سے فراز احمد اور محمداریب ، ساتھی پریوار سے محمد شارف، محمد ریحان، نشاط احمد، محمد کمال، اشفاق احمد،ZEC کے ڈائریکٹرتحسین احمد ان کی ٹیم،اوکھلا پبلک اسکول کی ڈائریکٹر محترمہ فرحین ، نیو وژن پبلک اسکول کے ڈائریکٹر محترمہ شاہین کوثر،شیکھر این جی او کے ڈاریکٹر ندیم اختر اور سماجی وسیاسی کارکنان میں پرویز عالم، میران حیدر، محمدانصار ، وکیل جوہری،مصلح الدین فلاحی، عطا خان، ساجد انس ، ڈاکٹر محمد علی جوہر، انجینئر عبیداللہ کے علاوہ سیکڑوں طلباء وطالبات اور ان کے سرپرستوں نے شرکت کی۔پروگرام کے اخیر میں منتظمین کی طرف سے مہمانان اور دیگر شخصیات کو بطور تحفہ پودے پیش کئے گئے اور سب نے مل کرجامعہ نگر کو ہرا بھرا بنانے کا عہد لیا۔