تعلیمی شمع روشن کرنے کیلئے کیمبرج فاؤنڈیشن کا تاریخی فیصلہ
ملک اور ملک سے باہر اسکول ایجوکیشن کیلئے تعلیمی ادارے قائم کرنے کااعلان: پروفیسر سیما
(نئی دہلی 9 دسمبر (قندیل نیوز
ملک میں اقلیتوں ، دلتوں اور پسماندہ طبقات کی تعلیمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کیمبرج پبلک اسکول فاؤنڈیشن ، نئی دہلی نے ہندوستان اور ہندوستان سے باہر ممالک میں اسکول قائم کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔واضح رہے کہ کیمبرج پبلک اسکول فاؤنڈیشن ایک تعلیمی ادارہ ہے جس کے قیام کا مقصد اسکول ایجوکیشن کو بہتر بنانااور یہ ادارہ ملک اور بیرون ملک کے کئی اداروں سے منظور شدہ ہے ۔ فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن پروفیسر سیما نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں آج یہاں بتایاکہ کسی بھی سماج کی ترقی کی سب سے بہترین کنجی تعلیم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم سے ہی انسان ترقی کے راستے پر گامزن ہوتا ہے اس لئے ہماری فاؤنڈیشن نے فیصلہ کیا ہے ’کہ کیمبرج پبلک اسکول ‘کے نام سے ہندوستان اور ہندوستان سے باہر ممالک میں اسکول قائم کیا جائے گا تاکہ تعلیم کا ڈنکا پوری دنیامیں بجایا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسا نہیں ہے کہ صرف دلتوں یا اقلیتوں کی تعلیمی حالت انتہائی خراب ہے بلکہ اپر کاسٹ میں بھی غریب لوگوں کی تعلیمی حالت وہی ہے جو اقلیتوں اور دلتوں کی ہے اس لئے جب تک تعلیم کی روشنی پورے سماج میں نہیں پھیلے گی تب تک سماج بااختیار اور فیصلہ لینے کی پوزیشن میں نہیں ہوسکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر لوگ تعلیم یافتہ ہوں گے تو اپنے فیصلہ لینے کے لئے خود آزاد ہوں گے اور وہ کسی پر منحصر نہیں ہوں گے ۔ پروفیسر سیما نے بتایاکہ ہم ملک اور ملک سے باہر کام کرنے والی این جی او، انسٹی ٹیوشن ، ٹرسٹ، سوسائٹی، کاروباری وکارپوریٹ اداروں کے اشتراک کیساتھ (collaboration (نئے اسکول قائم کریں گے کیونکہ کوئی بھی کام سماج کے اشتراک کے بغیر ممکن نہیں ہے اور جب کسی مہم کو سوسائٹی سے جوڑ دیا جاتاہے تو لوگ خود بہ خود آگے آجاتے ہیں۔ اس لئے ہماری فاؤنڈیشن بنیادی طور پر لوگوں کی رہنمائی کرنے کا کام کرے گی اور ان کو در پیش مشکلات سے نجات دلائے گی ۔ پروفیسر سیما نے بتایاکہ ہم شروعاتی طور پر پلے اسکو ل ، نرسری ، کے جی ، پرائمری، مڈل ، سکنڈری اور سینئر سکنڈری سطح کے معیاری اسکول قائم کررہے ہیں اور آگے یونیورسٹی کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ کورسیز بھی شروع کرنے کا ہمارا ارادہ ہے، جس کے لئے ہم پورے ملک میں الگ الگ اداروں اور افراد سے بات کرر ہے ہیں ۔