Home نظم مومن تو رہِ راست دکھانے کے لیے ہے

مومن تو رہِ راست دکھانے کے لیے ہے

by قندیل

تازہ ترین سلسلہ(49)

 فضیل احمد ناصری
مومن تو رہِ راست دکھانے کے لیے ہے
دنیا کو جہنم سے بچانے کے لیے ہے
اسلام کی تقدیس پہ جاتی ہے تو جاے
یہ جان تو اے دوستو! جانے کے لیے ہے
افسوس! کہ یہ بزمِ جہاں اپنے لیے تھی
اب امتِ مرحوم زمانے کے لیے ہے
قرآن کسی دور میں منشور تھا اپنا
اس دور میں تعویذ بنانے کے لیے ہے
اسوہ تھی ہمارےلیےمحبوب کی سیرت
اب محفلِ میلاد منانے کے لیے ہے
جو قوم رسومات مٹانے کو اٹھی تھی
اب وہ ہی خرافات بڑھانے کے لیے ہے
آگاہ نہیں اپنی حقیقت سے مسلماں
طاغوت کو پروان چڑھانے کے لیے ہے
گو اپنے وطن میں ہی مسلمان ہے، لیکن
کفار کی گٹھری کو اٹھانے کے لیے ہے
اے دوستو! تم گوشۂ آرام نہ ڈھونڈو
مومن تو زمانے کو جگانے کے لیے ہے

You may also like

Leave a Comment