Home قومی خبریں این ڈی اے حکومت کا فلسطین کی حمایت میں ووٹ ڈالنا گاندھی جی کے نظریہ کی تائید :مولانا ارشد مدنی

این ڈی اے حکومت کا فلسطین کی حمایت میں ووٹ ڈالنا گاندھی جی کے نظریہ کی تائید :مولانا ارشد مدنی

by قندیل

نئی دہلی 23؍دسمبر(قندیل نیوز)
اقوام متحدہ میں امریکہ کے یروشلم کو اسرائیل کی راجدھانی کے فیصلہ کے خلاف فلسطین کی حمایت میں ووٹ ڈال کر ہندوستان کی این ڈی اے حکومت نے گاندھی جی کے نظریہ کی تائید کی ہے یہ قابل قدر ہے جس کاہم خیر مقدم کرتے ہیں اور عالمی برادری کے بھی شکرگزارہیں جنہوں نے سچائی اور عدل وانصاف کا ساتھ دیا اور کسی د باؤ میں آئے بغیرکھل کر امریکہ کی مخالفت کی ،ان خیالات کا اظہار ہندوستان کے معروف ملی رہنما اورجمعیۃعلماء ہند کے صدرمولانا سیدا رشدمدنی نے اپنے اخباری بیان میں کیا ۔مولانا مدنی نے مزید کہا کہ آزادی سے پہلے فلسطین کے مسئلہ پر جو مہاتماگاندھی اورکانگریس کا نظریہ تھا مودی سرکارنے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسی پر عمل کرکے حق وصداقت کا ثبوت دیا ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں ۔
صدرجمعیۃنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ فلسطین کے مسئلہ پر خارجہ پالیسی میں این ڈی اے حکومت بھی کانگریس کے نقش قدم پر چل رہی ہے ۔ اوراس معاملہ میں دونوں کا موقف ایک ہے ، مولانا مدنی نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ دونوں کی خارجہ پالیسی فلسطین کے مسئلہ پر مختلف ہے ، بی جے پی سرکار کا جہاں فلسطین کی حمایت کرنا قابل قدر ہے وہیں اسرائیل سے بڑھتے تعلقات افسوسناک اور قابل تشویش ہیں، کانگریس اور سابقہ تمام حکومتوں نے اسرائیل سے فاصلہ بنائے رکھاتھا لیکن این ڈی اے حکومت نے قربت بہت زیادہ بڑھادی ہے ، وزیراعظم وہاں کا دورہ کرچکے ہیں اس لئے دونوں کی خارجہ پالیسی ایک نہیں کہی جاسکتی اورنہ ہی ہم اسے بہتر سمجھتے ہیں ۔
مولانا مدنی نے کہاکہ عالمی برادری کوسنجیدگی سے اس پر بھی غورکرنا ہوگا کہ جو خودکو جمہوریت اور سیکولر زم کا علمبردارسمجھتاہے وہ آج کس طرح اس کی دھجیاں اڑارہا ہے، طاقت کے زورپر اکثریت اور دنیا کے فیصلہ کو تسلیم کرنے سے انکارکررہاہے اور اپنی منمانی دنیا پر مسلط کررہا ہے ۔
یادرہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کو امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی راجدھانی قراردیئے جانے کے خلاف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک قراردادپیش ہوئی تھی جس میں ہندوستان نے بھی امریکہ اور اسرائیل کی مخالفت کرتے ہوئے فلسطین کے حق میں ووٹ دیا تھا ۔

You may also like

3 comments

سعید احمد 23 دسمبر, 2017 - 22:09

مضامین اور خبریں عمدہ ہیں البتہ عنوان کو پر کشش بنائیے اور لینک کو جھوٹا کیجئے اور ساتھ میں کجھ وضاحت بھی کردیا کیجئے اس سے قارین میں تجسس پیدا ہوگا اور انشاء اللہ اس سے قاری کی تعداد میں اضافہ.

شہزاد عالم 24 دسمبر, 2017 - 03:23

ہم شکر گزار ہیں کہ این ڈی اے سرکار نے فلسطین کا ساتھ دیا اور امریکہ کی مخالفت میں ووٹ دیا ایک قابل نحسین قدم ھے جسکا ہم دلکی گہرائیوں استقبال کرتے ہیں شہزاد عالم بلاک صدر بہادراباد راشٹریہ علماء کونسل پارٹی ضلع ہردوار اتراکھنڈ

شہزادعالم قاسمی راشٹریہ علماء کونسل اتراکھنڈ 24 دسمبر, 2017 - 03:35

الحمد للہ مضامین اورخبریں بہت عمدہ ہیں اللہ سے ہے کہ اللہ تعالی اور مزید ترقیات سے نوازیں اور ہرطرح کے شرور وفتن اور نظر بد سے حفوظ رکھے اور دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائیں آمین

Leave a Comment