تیونس26دسمبر (قندیل نیوز)
متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی امارات ائیر لائنز نے تیونسی خواتین کے خلاف متنازع سکیورٹی اقدامات کے بعد تیونس کے لیے پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی ہے۔امارات ائیر لائنز نے گذشتہ جمعہ کو تیونسی خواتین کے سکیورٹی چیک کو مزید سخت کردیا تھا۔ اس کے بعد تیونس سے متحدہ عرب امارات آنے والی فضائی مسافر خواتین اور لڑکیوں کی سخت جامہ تلاشی لی جارہی تھی اور اس وجہ سے ان کے طیاروں پر سوار ہونے میں تاخیر ہو رہی تھی۔تیونسی شہریوں نے امارات ائیرلائنز کے اس اقدام پر سخت ردعمل کا اظہا ر کیا ہے اور ان کے احتجاج کے بعد امارات ائیر لائنز نے تیونس کے لیے اپنی پروازیں معطل کردی ہیں۔تیونس کی ٹرانسپورٹ کی وزارت نے سوموار کو اعلان کیا ہے کہ ایمریتس ائیر لائنز کی پروازیں اس وقت تک معطل رہیں گی ، جب تک یہ فضائی کمپنی بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری نہیں کرتی ہے۔تیونس کے ایوان صدر کی خاتون ترجمان سعیدہ قراش نے اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ’’ متحدہ عرب امارات کے حکام کے پاس دہشت گردی کے ممکنہ حملوں کے بارے میں سنجیدہ سکیورٹی اطلاع تھی‘‘۔ان کے بہ قول اس اطلاع میں یہ اشارہ دیا گیا تھا کہ شام اور عراق سے تیونس لوٹنے والے انتہا پسند دہشت گرد ممکنہ طور پر حملہ آور ہوسکتے ہیں۔اس حملے میں تیونسی خواتین یا تیونسی پاسپورٹ کی حامل خواتین کو استعمال کیا جاسکتا ہے اور وہ جعلی شناخت بھی استعمال کرسکتی ہیں۔متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ سکیورٹی اطلاع کے بعد درکار خصوصی اقدامات کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ’’ ہم تیونسی خواتین کی بہت عز ت اور احترام کرتے ہیں‘‘۔تیونسی ایوان صدر کی ترجمان قراش کا کہنا ہے کہ ان کا ملک متحدہ عرب امارات کی تشویش سے آگاہ ہے لیکن تیونسی خواتین سے جس طریقے سے ناروا سلوک کیا جا رہا ہے،اس کوقطعی قبول نہیں کیا جاسکتا ہے۔
امارات ائیر لائنز کی تیونس کے لیے پروازوں کی آمد ورفت معطل
previous post