جموں22دسمبر(قندیل نیوز)
نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ اورہند۔فلسطین فرینڈشپ سوسائٹی کے چیرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ جب سے مرکز میں نریندر مودی حکومت قائم ہوئی ہے پہلی بار اس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ٹرمپ کی فلسطین مخالف پالیسی کی مذمت والی قرارداد کی حمایت کرکے اچھا کام کیا ہے۔اس قرارداد میں ٹرمپ حکومت کے یروشلم میں امریکی سفارتخانہ قائم کرنے کی مذمت کی گئی ہے۔ پروفیسربھیم سنگھ نے کہاکہ یروشلم کو خود اقوام متحدہ نے 1967میں قرارداد نمبر 242میں فلسطین کا اٹوٹ حصہ تسلیم کیا تھا۔فلسطین کو اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 181سے تقسیم کرکے اسرائیل بنایا گیا تھا جو کہ غیرقانونی ہے کیونکہ اقوام متحدہ کو کسی بھی ملک کو قائم کرنے یا پھر تقسیم کرنے کا اختیار نہیں ہے ۔بین الاقوامی قوانین کے ماہر پروفیسر بھیم سنگھ نے اس سلسلہ میں ایک کتاب ’An Examination of the Documents on which state of Isreael was Created‘ بھی لکھی ہے جسے 1969میں بیروت میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن نے شائع کیاتھا۔پروفیسر بھیم سنگھ نے ہندستانی وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکبا د دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے عرب دنیا کے ساتھ ہندستان کی دیرینہ دوستی کے مطابق پہلی بار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ٹرمپ کی فلسطین مخالف پالیسی کی مذمت والی قرارداد کی حمایت کرکے اچھا کام کیا ہے۔انہوں نے یروشلم (فلسطین)کے تعلق سے ہندستان کے جارحانہ موقف کے لیے وزیر خارجہ سشما سوراج کوبھی مبارکبا ددی۔