افغانستان اپنا پہلا ٹیسٹ میچ ہندوستان کے خلاف کھیلے گا
نئی دہلی،12؍دسمبر (قندیل نیوز)
پیر کو ہوئی خصوصی میٹنگ میں بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی خصوصی میٹنگ میں آسٹریلیا کے پلان پر پانی پھیرتے ہوئے افغانستان کو اپنے خلاف ہندوستان میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کا بڑا اعزاز دیا۔یہ ٹیسٹ میچ سال 2019 میں کھیلا جائے گا۔بہرحال یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بی سی سی آئی نے ایسا کیا ہے۔افغانستان سے پہلے تین ایسے ملک اور ہیں، جنہوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع ہندوستان کے خلاف ہی حاصل کیا۔بتا دیں کہ سال 1952 کے بعد سے صرف سری لنکا اور آئرلینڈ دو ہی ایسے ملک ہیں، جنہوں نے ہندوستان کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلا۔ورنہ کئی ممالک نے اپنے ٹیسٹ کا آغاز ہندوستان کے خلاف ہی کیا۔ میٹنگ میں ہندوستانی بورڈ نے اس بات کا اعلان کیا کہ افغانستان سال 2019 میں ٹیم انڈیا کے خلاف ہندوستان کی سرزمین پر اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔تاہم طے شدہ پروگرام کے مطابق افغان ٹیم کو اپنا پہلا ٹیسٹ سال 2019میں ہی آسٹریلیا میں ہی کھیلنا تھا۔لیکن یہ افغان ٹیم کی دلی خواہش تھی کہ اسے یہ موقع ہندوستان کے خلاف ملے۔اور بی سی سی آئی نے ہمیشہ کی طرح اس کی یہ بات بھی مان لی۔