اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام میں رکن اسمبلی نریش بالیان کے خلاف مقدمہ درج

نئی دہلی ،25؍ فروری (قندیل نیوز)
اتم نگرسے عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی نریش بالیان کے خلاف دہلی پولیس نے معاملہ درج کیا ہے۔بالیان کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔غور طلب ہے کہ کچھ دن پہلے ہی نریش بالیان نے بنداپور میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئی دہلی کے چیف سیکرٹری کے ساتھ ہوئی مارپیٹ کو صحیح ٹھہرایا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ ایسے حکام کی پٹائی ہونی چاہئے جو مفاد عامہ جیسے کاموں کو مکمل کرنے میں تاخیر کرتے ہیں۔خاص بات یہ ہے کہ اس کے گھر میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال بھی موجود تھے۔پولیس کے مطابق بالیان کے اس بیان کے بعد گھر میں موجود دوسرے لوگوں نے ان کے ہاں میں ہاں ملائی اور ایسے افسران کی پٹائی کرنے کی بات بھی کہی۔واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں میں دہلی حکومت کے چیف سکریٹری کے ساتھ ہوئی مارپیٹ کے الزام میں دہلی حکومت کے دو ممبران اسمبلی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان دونوں رکن اسمبلی کو بعد میں 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔اسی معاملے میں دہلی پولیس نے وزیر اعلی ارود کیجریوال کے رہائش سے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر کئی ثبوت اپنے قبضے میں لئے تھے۔پولیس فی الحال اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔چیف سکریٹری کے ساتھ ہوئی مارپیٹ کے بعد نریش بالیان نے سیکرٹری پر عام آدمی کے کام سے منسلک فائلوں کو جان بوجھ کر روکنے کا الزام بھی لگایا تھا۔